
کراچی : امیر جماعت اسلامی پاکستان نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ سے وزیر اعظم اور آرمی چیف کی ملاقات ہوئی ہے، کسی بھی ملک سے ڈپلومیسی کے حوالے سے رابطہ کرنا اچھی بات ہے، انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے حکمرانوں پر حیران ہوں کہ کیسے ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام کے لیے نامزد کر رہے ہیں، شہباز شریف کو مظلوموں کے حق میں بات کرنے کی ضرورت ہے۔
ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ امریکا اسرائیل کی سرپرستی کررہا ہے، فلسطین پر اسرائیلی بمباری جاری ہے، امریکا مسلسل دھوکا دے رہا ہے، قطر میں مذاکراتی ٹیم پر حملہ سب سے بڑی فسطائیت ہے، مذاکراتی ٹیم پر حملہ ٹرمپ کی ایما پر ہی ہوا، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے، پوری دنیا میں اسرائیل کے خلاف بیداری کی لہر کو مزید تیز کرنے ضرورت ہے۔
غزہ میں امدادی سامان پہچانے والے پوری دنیا کو پیغام دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی فلوٹیلا کی حمایت کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ میں ان نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو اس وقت اسرائیل کے خلاف کھڑے ہیں۔
نعیم الرحمان نے کہا کہ پوری دنیا میں طاقتوروں کا نظام چل رہا ہے، کشمیریوں کو اس وقت بھی شہید کیا جارہا ہے، کشمیریوں کے گھروں کو برباد کر دیا گیا یے، اقوام متحدہ کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ دو سال میں اسرائیل نے ساری حدوں کو پامال کیا ہے، غزہ میں اسکولوں کو تباہ کردیا گیا ہے، ہمیں اسرائیل کے خلاف تحریک تیز کرنی ہوگی۔ انہوں نے 4 اکتوبر کو لاہور اور 5 اکتوبر کو کراچی میں فلسطین کے حق میں سب سے بڑا مارچ کرنے کا اعلان کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کراچی کا حق پیپلز پارٹی نے کھایا ہے، کراچی شہر کو گاؤں بنا کر رکھ دیا، میئر کراچی وڈیروں کے نمائندے بنے ہوئے ہیں، پورے سندھ میں غصہ موجود ہے، مہاجر اور سندھ کا منجن بیچ کر سب لوگوں کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پنک موٹر سائیکلیں کراچی میں کہاں چلیں گی؟