
جامعہ کراچی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ایل ایل بی ڈگری منسوخ کرتے ہوئے ان پر 3 سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔
جامعہ کراچی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ طارق محمود کا ایل ایل بی کا نتیجہ اور ڈگری منسوخ کردی گئی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے امتحانات میں غیر منصفانہ ذرائع استعمال کیے۔ اس بنیاد پر نہ صرف ان کا نتیجہ کالعدم قرار دیا گیا بلکہ انہیں 3 سال کے لیے کسی بھی یونیورسٹی یا کالج میں داخلے اور امتحان دینے سے روک دیا گیا تھا۔
اعلامیے کے مطابق طارق محمود کبھی بھی اسلامیہ لاء کالج کراچی کے باقاعدہ طالبعلم نہیں تھے۔ اسسٹنٹ رجسٹرار کی رپورٹ کی روشنی میں ان کا انرولمنٹ نمبر AIL-7124/87 اور سیٹ نمبر 22857 منسوخ کردیا گیا ہے۔ فیصلہ جامعہ کراچی کی سینڈیکیٹ کے 31 اگست 2024 کے اجلاس کی قرارداد اور کمیٹی کی سفارشات کے تحت کیا گیا۔
یونیورسٹی کے مطابق اس فیصلے کی اطلاع اسلام آباد ہائی کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے رجسٹرارز، چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز، ہائر ایجوکیشن کمیشن ، سندھ بار کونسل، پرنسپل اسلامیہ لاء کالج اور دیگر متعلقہ اداروں کو دے دی گئی ہے۔