
شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس آج برآمد ہوں گے، جبکہ عزاداروں کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد، لاہور، کراچی، ملتان اور کوئٹہ سمیت بڑے شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر خصوصی سیکیورٹی پلان نافذ کر دیا گیا ہے اور کئی مقامات پر نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی اور جدید کیمروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوگا جو اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا خیمہ سادات امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
ملتان میں مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے نکالا جائے گا، جبکہ جلوس کے تمام راستوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ جی سکس اثنا عشریٰ سے برآمد ہوگا۔ انتظامیہ نے سیکیورٹی کے پیش نظر جلوس کے تمام راستوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔
کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے روانہ ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ سیکیورٹی انتظامات کے تحت جلوس کے راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کردیا گیا ہے جبکہ نشتر پارک اور اس کے اطراف میں موبائل فون سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔
ادھر کوئٹہ میں نویں محرم الحرام کا شبیہ ذوالجناح کا جلوس امام بارگاہ ناصر العزا سے برآمد ہوگا، جبکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے شہر میں موبائل فون سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔