
ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی اور چند وسطی علاقوں میں بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، وزیرستان اور پاراچنار میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب میں مری اور گلیات کے علاوہ جہلم، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، پاکپتن، وہاڑی، ڈی جی خان، بہاولنگر، اٹک، راولپنڈی اور میانوالی میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے، جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بوندا باندی ہو سکتی ہے، جبکہ صوبے کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
دوسری جانب بلوچستان کے اضلاع شیرانی، موسیٰ خیل، کوہلو اور بارکھان میں چند مقامات پر بارش کی توقع ہے، جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔