
وینزویلا میں 7.2 اور 7.5 شدت کے آنے والے دو طاقتور زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 32 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوگئے، جبکہ ہزاروں اموات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.2 اور 7.5 ریکارڈ کی گئی۔ پہلے زلزلے کی گہرائی 22 کلومیٹر جبکہ دوسرے کی 10 کلومیٹر بتائی گئی، جس کے باعث دارالحکومت کاراکاس سمیت مختلف شہروں میں شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
@@3895591@@
زلزلوں کے نتیجے میں متعدد رہائشی اور تجارتی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، جبکہ کئی علاقوں میں بجلی اور انٹرنیٹ کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔
حکومت نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ عبوری صدر ڈیلسی روڈریگیز نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا اور متعلقہ اداروں کو فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت جاری کی ہے۔
حکام کے مطابق مائیکیٹیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو پہنچنے والے نقصان کے باعث عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے، جبکہ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی میں مصروف ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ ادارے کے ابتدائی تخمینے کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرنے کا امکان 44 فیصد تک ہے، جس کے باعث صورتحال کو انتہائی سنگین قرار دیا جا رہا ہے