
چین کے مشرقی ساحلی علاقوں کی جانب بڑھنے والے شدید سمندری طوفان ’’ڈولفن‘‘ کے باعث بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں، جبکہ حکام نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر ملک کے مختلف علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔
چین کے نیشنل میٹرولوجیکل سینٹر نے اتوار کی صبح طوفان ڈولفن کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا، جو سمندری طوفان کے حوالے سے ملک میں جاری کی جانے والی سب سے شدید وارننگ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اتوار کی رات یا پیر کے روز چین کے مشرقی ساحل سے ٹکرا سکتا ہے، اس دوران ہواؤں کی رفتار 162 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
ریاستی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق شنگھائی کے ہونگ چیاؤ اور پوڈونگ ایئرپورٹس پر تقریباً 1400 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ ژی جیانگ کے شہر ہانگژو کے ایئرپورٹ سے آنے اور جانے والی مزید 270 اندرون و بیرون ملک پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق ژی جیانگ کے شہر تائی ژو میں تقریباً 3 لاکھ 90 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ شنگھائی کے حساس اور خطرے سے دوچار علاقوں سے 30 ہزار سے زائد افراد کا انخلا کیا گیا ہے۔ صوبہ فوجیان میں بھی تقریباً 99 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔
طوفان کے خطرے کے باعث ژی جیانگ اور فوجیان میں 200 سے زائد فیری روٹس پر سروس معطل کردی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ژی جیانگ کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں انتہائی شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے بعض مقامات پر 250 سے 500 ملی میٹر تک بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
شنگھائی، شمالی فوجیان، شمال مشرقی جیانگ شی، وسطی و جنوبی انہوئی اور صوبہ جیانگ سو کے بیشتر علاقوں میں بھی پیر تک شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔