
جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران ملک میں پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار اور فروخت کے اعدادوشمار سینیٹ میں پیش کر دیے گئے، جن کے مطابق پٹرول کی یومیہ فروخت پیداوار سے تین گنا سے بھی زیادہ رہی۔
سینیٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق اس عرصے کے دوران ملک میں پٹرول کی یومیہ پیداوار 7 ہزار 35 میٹرک ٹن جبکہ فروخت 21 ہزار 583 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی یومیہ پیداوار 14 ہزار 65 میٹرک ٹن اور فروخت 16 ہزار 866 میٹرک ٹن رہی۔
اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں پٹرول کی یومیہ پیداوار 4 ہزار 670 میٹرک ٹن اور فروخت 14 ہزار 827 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار 7 ہزار 608 میٹرک ٹن اور فروخت 10 ہزار 779 میٹرک ٹن رہی۔
سندھ میں پٹرول کی یومیہ پیداوار ایک ہزار 592 میٹرک ٹن اور فروخت 4 ہزار 567 میٹرک ٹن رہی۔ صوبے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار 4 ہزار 419 میٹرک ٹن جبکہ فروخت 3 ہزار 662 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی۔
تحریری جواب کے مطابق خیبر پختونخوا میں پٹرول کی یومیہ فروخت 2 ہزار 127 میٹرک ٹن جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 2 ہزار 355 میٹرک ٹن رہی۔
بلوچستان میں پٹرول کی یومیہ پیداوار 773 میٹرک ٹن اور فروخت 62 میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار 2 ہزار 38 میٹرک ٹن اور فروخت 70 میٹرک ٹن رہی۔
سینیٹ کو بتایا گیا کہ ملک میں قائم آئل ریفائنریز مقامی اور درآمدی خام تیل سے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل تیار کرتی ہیں۔ پیش کردہ اعدادوشمار میں مختلف صوبوں میں ان پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور فروخت کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔