پشاور سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قافلے کی قیادت کے معاملے میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شیڈول کے مطابق پشاور سے پی ٹی آئی قافلےکی قیادت علی امین گنڈاپور نے کرنی ہے لیکن بشریٰ بی بی بضد ہیں پی ٹی آئی قافلے کی قیادت میں کروں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے کہا بانی کہتے ہیں کہ بشریٰ بی بی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، علی امین نے بشریٰ بی بی سے کہا آپ گھر بیٹھیں، قافلےکو میں لیڈ کروں گا۔ذرائع کے مطابق بشری بی بی نے کہا ہے کہ میں بھی خان صاحب کے حکم پر عمل کر رہی ہوں۔ آپ پہلے بھی کئی بار ناکام ہو چکے ہیں۔ احتجاجی کارواں کی قیادت میں ہی کروں گی۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان کشمکش کے باعث پی ٹی آئی قافلہ تاحال پشاور سے نہیں نکل سکا ہے۔واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے اور پارٹی رہنماؤں وکارکنان کو ڈی چوک اسلام آباد پہنچ کر مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب حکومت کی جانب سے بھی مظاہرین کو اسلام آباد پہنچنے سے روکنے کے لیے وفاقی دارالحکومت کو چاروں جانب سے کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔