
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پاکستانی افواج کے انڈین جارحیت کے خلاف آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی شاندار کامیابی پر ہر سال 10 مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلان کر دیا۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ’یوم معرکہ حق‘ ہر سال پورے ملک میں جوش و خروش اور جذبہ ملی سے منایا جائے گا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ ’ہماری بہادر افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیے ہیں۔‘وزیرِ اعظم نے 16 مئی 2025 کو پاکستان کو دفاعی محاذ پر شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین اور سجدہ شکر بجا لانے کے دن کے طور پر منانے کا بھی فیصلہ کیا۔وزیرِ اعظم نے انڈین حملوں سے متاثرہ لوگوں اور معرکے کے دوان مرنے والوں کے لیے شہدا پیکج کا اعلان کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ’معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثا کو ایک کروڑ روپے جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے سے 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔‘وزیراعظم نے کہا کہ ’افواج کے شہدا کے ورثا کو رینک کے حساب ایک کروڑ روپے سے 1.8 کروڑ روپے کی رقم دی جائے گی۔‘’افواج کے شہدا کے ورثا کو گھر کی سہولت کے لیے رینک کے حساب سے 1.9 کروڑ روپے سے 4.2 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔‘وزیراعظم نے کہا کہ افواج کے شہدا کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الاونسز جاری رہیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ ’افواج کے شہدا کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی۔ ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کے لیے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی۔‘وزیراعظم نے اعلان کیا کہ انڈین حملے میں متاثر ہونے والے گھروں اور شہید مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی۔