
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ کیا آپ کو نواز شریف کا کوئی جواب نظر آیا جو اس نے مودی کو دیا ہو؟ لاہور میں مودی کے خلاف مظاہرہ کرنے پر ہمارے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہمیں مودی سے کوئی غرض نہیں ہمیں پاکستان سے غرض ہے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ لوگ جنگ کو پی ایس ایل کا میچ سمجھ رہے ہیں مگر یہ میچ نہیں ہے، جنگیں اناؤں پر شروع ہوتی ہیں ان سے ملک کے ملک تباہ ہو جاتے ہیں، ہمیں جنگ کی مزید تیاری کرنی چاہیے کیوں کہ مودی ہمارے حملوں کا جواب ضرور دے گا، ہمارا پانی بند ہو گیا تو ہماری فصلیں تباہ ہوجائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے عمران خان کو جیل میں ڈالا وہ پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے، بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے، ان کے کیسز نہیں سنے جارہے اگر ججز ان کے کیس لگائیں تو آدھے گھنٹے میں بانی باہر آسکتے ہیں، بانی کو تنہا کیا جا رہا ہے یہ فوج نہیں شخصیات کر رہی ہیں، وزیر اعظم، صدر اور آرمی چیف کو بانی سے خوف ہے فوج کو خوف نہیں ہے، بانی کا بیانیہ سوشل میڈیا نہیں بنا رہا، بانی کا فوج سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔