
اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے چیٹ جی پی ٹی کے مستقبل کے بارے میں اہم ترین دعویٰ کیا ہے۔ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے حوالے سے ہونے والے ایک ایونٹ کے دوران سام آلٹمین نے کہا کہ بتدریج یہ اے آئی چیٹ بوٹ آپ کی ذاتی زندگی کے بارے میں سب کچھ یاد رکھنے کے قابل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک بہت چھوٹا ماڈل آپ کی پوری زندگی کو اپنے اندر سما لے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 'یہ ماڈل آپ کے تمام تناظر، آپ کی پوری زندگی کی بات چیت، وہ تمام کتابیں جو آپ پڑھتے ہیں، وہ تمام ای میلز جو آپ پڑھتے ہیں، وہ سب کچھ جو آپ دیکھتے ہیں، سبکو اپنے اندر محفوظ کرلے گا، جبکہ دیگر ذرائع کے تمام ڈیٹا کو بھی جوڑ دے گا'۔ان کا کہنا تھا کہ کالج کے طالبعلم چیٹ جی پی تی کو ایک آپریٹنگ سسٹم کی طرح استعمال کرتے ہیں، وہ فائلز اپ لوڈ کرتے ہیں، ڈیٹا سورسز کو کنکٹ کرتے ہیں اور پیچیدہ پروموٹس استعمال کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ اوپن اے آئی کی جانب سے کچھ عرصے قبل چیٹ جی پی ٹی میں میموری آپشنز کا اضافہ کیا گیا تھا جو سابقہ چیٹس اور دیگر چیزوں کو استعمال کرتا ہے۔سام آلٹمین نے دعویٰ کیا کہ ایک چیز جو انہیں دیکھی ہے وہ یہ ہے کہ نوجوان افراد اپنی زندگی کے فیصلے چیٹ جی پی ٹی سے پوچھے بغیر نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ معمر افراد چیٹ جی پی ٹی کو گوگل کے متبادل کے طور پر استعمال کرتے ہیں جبکہ 20 یا 30 سال سے زائد عمر کے افراد اسے زندگی کے مشیر کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔یہ واضح نہیں کہ چیٹ جی پی ٹی کب تک سب کچھ جاننے والا اے آئی چیٹ بوٹ بن جائے گا۔ اسی طرح یہ بھی واضح نہیں کہ اس طرح کا چیٹ بوٹ پرائیویسی کے لیے کسی حد محفوظ یا خطرہ ثابت ہوگا۔