
گلشن معمار کے علاقے میں پولیس نے قتل کی گئی ایک بچے کی ماں سے خاموشی سے تدفین ناکام بناتے ہوئے مقتولہ کے باپ کو گرفتار کرلیا۔
ہماری ویب کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق پولیس نے افغان کیمپ میں کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ آرام بی بی کے باپ کو گرفتار کرلیا اور قانونی کارروائی کے لیے لاش عباسی اسپتال منتقل کردی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 25 سالہ آرام بی بی زوجہ محمد افغانی کے قتل کی اطلاع ملی تھی، جسے شوہر، والد یاسین اور دیگر ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا اور ورثا خاموشی سے اس کی تدفین کرنے والے تھے، جس کے لیے قبر بھی تیار کروالی گئی تھی، اطلاع ملنے پر پولیس نے تدفین ناکام بناتے ہوئے لاش تحویل میں لے لی۔
پولیس کے مطابق آرام بی بی کے والد یاسین کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ مقتولہ کا شوہر محمد افغانی ودیگر ملزمان فرار ہوگئے ہیں۔
ایس ایچ او گلشن معمار عبدالغفار کا کہنا تھا کہ مقتولہ آرام بی بی کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات ہیں، معلوم ہوا ہے کہ آرام بی بی کی کم عمری میں شادی کروا دی گئی تھی اور مقتولہ ایک بچی کی ماں تھی، لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے، مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کی جارہی ہے۔