
کراچی والوں کے لیے موسم کی ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے، جہاں طویل گرمی اور حبس کے بعد اب بارشوں کی نوید دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شہر قائد میں مون سون کا پہلا باقاعدہ سلسلہ اس جمعے سے آغاز کر سکتا ہے، جو ویک اینڈ پر شدت اختیار کرے گا۔
ترجمان کے مطابق مون سون کا سسٹم 25 جون سے ملک کے شمالی علاقوں میں داخل ہوگا، اور اگلے ہی دن یعنی 26 جون کو اس کا دائرہ سندھ، بالخصوص کراچی تک پھیلنے کا امکان ہے۔ اگر پیشگوئی درست رہی تو شہر میں جمعے کے روز سے بارشیں شروع ہو سکتی ہیں، جن میں ہفتے اور اتوار کے روز تیزی آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی پھوار اور کہیں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ یعنی کچھ علاقوں میں بارش سکون دے گی، تو کچھ میں پانی کے جمع ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
کراچی جیسے شہر میں بارشیں جہاں موسم کو خوشگوار بناتی ہیں، وہیں شہری سہولتوں کا امتحان بھی لیتی ہیں۔ شہریوں کو چاہیئے کہ وہ ویک اینڈ پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نکاسی آب کے مسائل کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔