
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارش، سیلاب/فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث صوبے میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔سرکاریی خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں 27 جون سے اب تک ہونے والی بارشوں، تیز آندھی، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث حادثات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 21 افراد ہلاک جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سات مرد ، پانچ خواتین اور نو بچے جبکہ زخمیوں میں چھ مرد، تین خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ’بارش کے باعث مجموعی طور پر 57 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 51 کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ چھ مکمل طور پر منہدم ہوئے۔یہ حادثات صوبے کے مختلف اضلاع سوات، ایبٹ آباد، لوئر چترال، بونیر، صوابی،کرم، چارسدہ، مالاکنڈ، شانگلہ، لوئر دیر اور تورغر میں پیش آئے۔ ضلع سوات سب سے زیادہ متاثر ہوا جس میں 14 افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ یکم جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ جاری کیا ہے۔بیان کے مطابق ’پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔‘