
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں ایک آپریشن کے دوران انڈیا کے حمایت یافتہ دو دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ دو کو گرفتار کر لیا گیا۔اتوار کو آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق ’28 جون کو سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ڈکی میں انڈین پراکسیز ’فتنہ الہندوستان‘ کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر خفیہ معلومات کی بنا پر آپریشن کیا۔‘’آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے انڈین حمایت یافتہ دہشت گردوں کا بخوبی مقابلہ کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو دہشت گرد ہلاک جبکہ دو کو گرفتار کر لیا گیا۔‘بیان کے مطابق ’انڈین حمایت یافتہ دہشت گردوں سے اسلحہ، ایمونیشن اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ یہ دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔‘آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں دوسرے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز ملک سے انڈین حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔