
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’ پاکستان کے شعبہ سیاحت میں زر مبادلہ کمانے کی لامحدود استعداد موجود ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی وسائل اور لازوال خوبصورتی سے نوازا ہے۔‘وزیراعظم ہاؤس سے پیر جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں سیاحت کو فروغ دینے سے متعلق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’شمالی علاقوں میں برف پوش پہاڑ، جنگلات، دریا حتیٰ کہ میدان اور ریگستانی علاقے اور ایسے دیگر قدرتی وسائل کی بدولت ہمارا ملک دنیا میں کسی بھی ملک سے سیاحت کے ضمن میں کم نہیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کو ایک ٹورزم برانڈ کے طور پر بیرون ملک متعارف کروایا جائے۔ صوبوں کے تعاون سے پورے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں۔‘’ملکی ترقی کے وژن کے تحت پاکستان کو دنیا کے اولین سیاحتی مراکز کی فہرست میں شامل کریں گے۔‘بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ٹی ڈی سی) کو ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے فوری عملی اقدامات کرنے کی ہدایت اور کہا کہ ’سیاحت کے فروغ کے لیے خصوصی ٹورزم زون بنائے جائیں۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’بین الاقوامی سیاحوں کی پاکستان کے سیاحتی مقامات پر آمدورفت کو سہل بنانے کے لیے پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر مل کر کام کریں۔ ٹورزم سیکٹر میں مستقل سرمایہ کاری کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جائے۔‘بیان کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں شعبہ سیاحت کی استعداد کو بروئے کار لانے کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، وفاقی وزیر برائے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان انجنئیر امیر مقام، وزیر قومی ورثہ اورنگزیب کھچی، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ، معاون خصوصی حذیفہ رحمان اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔