
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ دفاع پینٹاگون کا نام تبدیل کرکے ڈپارٹمنٹ آف وار (محکمہ جنگ) رکھنے کا اعلان کردیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کی تقریب ہوئی اس دوران صدر ٹرمپ کے ہمراہ وزیر دفاع بھی موجود تھے جو اب سیکرٹری آف وار کہلائیں گے۔ تقریب کے بعد پینٹاگون کے ہیڈکوارٹر پر نئے سائن بورڈز نصب کردیے گئے جبکہ محکمہ دفاع کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر بھی نیا نام درج کردیا گیا۔
تقریب سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چیزوں کو ان کے اصل نام سے پکارنے کا وقت آگیا ہے۔ پہلی اور دوسری جنگِ عظیم میں اسے محکمہ جنگ کہا جاتا تھا، ٹرمپ نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال کے پیش نظر نیا نام زیادہ موزوں ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم نے جنگ عظیم اول اور دوئم جیتیں، ہم نے دنیا بھر میں جاری سات جنگیں ختم کروائیں اور اب محکمہ جنگ دنیا کو امریکی قوت کا پیغام دے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ روس یوکرین جنگ روکنا ایک مشکل عمل ہے کیونکہ ہر ہفتے وہاں سات ہزار افراد ہلاک ہورہے ہیں لیکن ہم یوکرین کی سلامتی کے لیے سرگرم ہیں اور سکیورٹی معاہدے پر کام کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 1947 تک امریکا کے دفاعی ادارے کا نام ڈپارٹمنٹ آف وار ہی تھا جسے بعد ازاں محکمہ دفاع میں تبدیل کیا گیا تھا۔ صدر ٹرمپ کے حالیہ حکم سے یہ نام دوبارہ اپنی پرانی شکل میں لوٹ آیا ہے۔