
کراچی ٹریفک پولیس نے آج ہونے والے جے یو آئی (ف) کے جلسے اور جماعت اسلامی کے چلڈرن غزہ مارچ کے موقع پر شہریوں کے لیے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔
جے یو آئی (ف) کا جلسہ ایم آر کیانی چوک اور آرٹس کونسل کے قریب ہوگا جس کے باعث شاہین کمپلیکس سے فوارہ چوک تک سڑک بند رہے گی اور ضیاءالدین سگنل سے آنے والی ٹریفک کو کلب چوک شاہراہ فیصل کی طرف موڑا جائے گا اور شاہین کمپلیکس سے پریس کلب جانے والی ٹریفک کو پی آئی ڈی سی اور شارع فیصل کی طرف ڈائیورٹ کیا جائے گا۔
اسی طرح پی آئی ڈی سی سے آنے والی ٹریفک کو آواری کی جانب اور ریکس سینٹر سے فوارہ چوک جانے والی ٹریفک کو آواری یا کلفٹن کی طرف موڑ دیا جائے گا۔چھتری چوک سے ایم آر کیانی آنے والی ٹریفک کو ایس ایم لاء کالج کی طرف بھیجا جائے گا جبکہ اہلحدیث چوک سے ایم آر کیانی جانے والی ٹریفک کو شارع لیاقت کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
دوسری جانب جماعت اسلامی نے بھی کراچی چلڈرن غزہ مارچ کا روٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق مارچ میں شارع قائدین کے دونوں ٹریک استعمال ہوں گے جہاں الگ الگ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں۔نرسری سے مزار قائد جانے والے ٹریک پر طالبات شریک ہوں گی اور مزار قائد سے نرسری کی طرف جانے والے ٹریک پر مرد طلبہ موجود ہوں گے۔
طارق روڈ سگنل پر مرکزی اسٹیج قائم کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ضلع وسطی اور غربی کے طلبہ گرمندہ چورنگی سے مارچ میں شامل ہوں گے جبکہ ضلع جنوبی کے طلبہ نمائش چورنگی سے مارچ میں شریک ہوں گے۔
ضلع شرقی کے طلبہ جیل چورنگی سے بذریعہ کشمیر روڈ شارع قائدین پہنچیں گے اور ضلع ملیر اور ایئرپورٹ کے اطراف کے طلبہ خالد بن ولید روڈ کے ذریعے مارچ میں شامل ہوں گے۔
مارچ سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن اور منعم ظفر خان خطاب کریں گے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اس مارچ کا مقصد دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستانی بچے اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔