
اسلام آباد: تھانہ کھنہ کی حدود برما ٹاؤن میں 7 ماہ کی حاملہ خاتون مبینہ طور پر سسرالیوں کے تشدد کے باعث جاں بحق ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 3 بچوں کی ماں مہوش سردار کے نام سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مہوش کی شادی 2017 میں فیضان اقبال سے ہوئی تھی اور اسے مسلسل شوہر اور ساس کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ مدعی نے الزام عائد کیا کہ مقتولہ پر تشدد کے بعد اس کے بچے چھین کر گھر سے نکال دیا گیا تھا۔
ایف آئی آر میں مزید بیان کیا گیا ہے کہ وقوعے کے روز اہلِ خانہ کو کال موصول ہوئی کہ مہوش کو کرنٹ لگا ہے اور اسے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، تاہم کچھ دیر بعد اطلاع دی گئی کہ وہ انتقال کر چکی ہیں۔ مقتولہ کی لاش کو بعد ازاں آبائی علاقے مانسہرہ روانہ کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق پوسٹمارٹم رپورٹ میں مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں۔ مدعی کی جانب سے مقتولہ کے شوہر اور ساس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تھانہ کھنہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ مقتولہ مہوش سردار اپنے پیچھے 3 کمسن بچوں کو چھوڑ گئی ہیں جن کی عمریں 7 سال، 5 سال اور ڈیڑھ سال ہیں۔