
سوات موٹروے کے ٹنل نمبر 3 کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 15 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرک الٹ گیا جس کے نتیجے میں مرد، خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ملاکنڈ کی میڈیکل ریسپانس ٹیم ایمبولینسوں کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچ گئی۔
موٹروے پولیس اور امدادی عملے نے مشترکہ کارروائی کے دوران زخمیوں اور لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال بٹخیلہ منتقل کیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق 15 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے، جبکہ 8 زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔ ان میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جنہیں سوات منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تمام جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ضلع سوات کی تحصیل بحرین کے علاقے بالاکوٹ چھم گھڑی سے ہے حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔