
پاکستان تحریکِ انصاف میں پنجاب کی تنظیمی سطح پر بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلے بانی پی ٹی آئی کے احکامات پر کیے گئے جن پر پارٹی رہنما عالیہ حمزہ نے فوری عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نارتھ پنجاب کے صدر ملک تیمور مسعود کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے جب کہ سابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کو نیا صدر نارتھ پنجاب تعینات کیا گیا ہے۔ عمران خان نے راجہ بشارت کو ہدایت دی ہے کہ وہ تنظیمی امور فوراً سنبھالیں۔
اسی طرح سنٹرل پنجاب میں بھی تبدیلی کی گئی ہے جہاں احمد چٹھہ کی جگہ امتیاز وڑائچ کو نیا صدر مقرر کر دیا گیا ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے نئے عہدیداران کو ہدایت کی ہے کہ وہ کارکنوں سے براہِ راست رابطہ بڑھائیں اور تنظیمی ڈھانچے کو نچلی سطح تک فعال کریں۔