
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جاری مالیاتی اعدادوشمار میں بتایا ہے کہ ملک میں زیر گردش کرنسی، زرِ وسیع (Broad Money) اور بینکوں کے مجموعی کھاتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر کمی دیکھی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 24 اکتوبر 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے میں زیرِ گردش کرنسی کا حجم 10 ہزار 748 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو اس سے پہلے والے ہفتے کے 10 ہزار 801 ارب روپے کے مقابلے میں 0.05 فیصد کم ہے۔ تاہم مالی سال کے آغاز سے اب تک زیرِ گردش کرنسی میں مجموعی طور پر 1.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق زرِ وسیع کا حجم بھی کمی کا شکار رہا اور یہ 24 اکتوبر کو 39 ہزار 577 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ ہفتے کے 39 ہزار 793 ارب روپے کے مقابلے میں 0.5 فیصد کم ہے۔ مالی سال کے آغاز سے اب تک زرِ وسیع میں مجموعی طور پر 3 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔
اسی طرح بینکوں کے ڈپازٹس کا حجم بھی کم ہو کر 28 ہزار 780 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ ہفتے کے 28 ہزار 938 ارب روپے سے 0.5 فیصد کم ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے آغاز سے اب تک بینکوں کے ڈپازٹس میں 4.4 فیصد کی مجموعی کمی دیکھی گئی ہے۔