
پاکستان سنگل ونڈو نے کراس بارڈر ٹریڈ کے لیے اپنے نئے ڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارم "ٹریڈ لیب" کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ پالیسی انسٹیٹیوٹ (SDPI) کے تعاون اور سینٹر فار انٹرنیشنل پرائیویٹ انٹرپرائز (CIPE) کی مالی معاونت سے تیار کیا گیا ہے۔
اس کا مقصد کاروباری افراد، اسٹارٹ اپس، اور اداروں کو بین الاقوامی تجارت کے جدید تقاضوں، کسٹمز کے عمل، اور ریگولیٹری اصولوں سے بہتر طور پر آگاہ کرنا ہے۔"ٹریڈ لیب" پاکستان سنگل ونڈو کے اس وژن کو آگے بڑھاتا ہے جس کے تحت کاروباری عمل کا وقت اور لاگت کم کرتے ہوئے قومی اور بین الاقوامی تجارتی اصولوں سے ہم آہنگی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں اس پلیٹ فارم پر 9 کورسز شامل کیے گئے ہیں جن میں کسٹمز ٹیرف کی بنیادی معلومات، پاکستان سے ایکسپورٹ کا طریقہ کار، تجارتی قوانین کی سمجھ، مارکیٹ اینالیسس اور مارکیٹنگ اسٹریٹیجی سمیت دیگر مضامین شامل ہیں۔ ان کورسز کے ذریعے سیکھنے والوں کو عملی مہارتیں فراہم کی جائیں گی جنہیں وہ اپنے کاروبار میں استعمال کر سکیں گے۔
مستقبل میں پاکستان سنگل ونڈواس پلیٹ فارم کو مزید سرکاری تربیتی اداروں جیسے کہ کسٹمز اکیڈمی، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ (وزارتِ تجارت) کے تعاون سے مزید بہتر بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) کے سی ای او، آفتاب حیدر نے کہا ہے کہ ٹریڈ لیب کا آغاز پاکستان کے تجارتی نظام میں ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ علم ہی وہ طاقت ہے جو ہمارے تاجروں کی صلاحیتوں کو نکھار سکتی ہے۔ ہم اس پلیٹ فارم کے ذریعے آسان، ماہرین کی رہنمائی میں تیار کردہ آن لائن تربیت فراہم کر رہے ہیں، جو نہ صرف تعمیل کو آسان بنائے گی بلکہ کاروباری مسابقت میں اضافہ اور معیشت کو زیادہ شفاف اور مثر بنائے گی۔ پی ایس ڈبلیو کے ٹریڈ انفارمیشن پورٹل کے ساتھ مل کر ہم ایک مضبوط ڈیجیٹل نالج بیس تشکیل دے رہے ہیں تاکہ تاجر قومی و بین الاقوامی قوانین، ضوابط اور مارکیٹ رجحانات سے باخبر رہیں۔
ٹریڈ لیب کا آغاز پاکستان کے ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (WTO) کے ٹریڈ فسیلی ٹیشن ایگریمنٹ کے تحت تجارتی نظام کو جدید بنانے کے عزم کے مطابق ہے۔ یہ پلیٹ فارم تاجروں، سرکاری افسران اور لاجسٹکس فراہم کرنے والوں کے لیے ایک اہم ذریعہ ثابت ہوگا، تاکہ سب اسٹیک ہولڈرز ڈیجیٹل سنگل ونڈو سسٹم سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔