
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کے بعد معیشت کی بحالی اور دنیا بھر کے دروازے پاکستان کے لیے کھل گئے ہیں۔
کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں زیتون اور مائنز و منرل کے شعبوں میں کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے طالب علموں اور نوجوانوں کے لیے لیپ ٹاپ کا کوٹہ 10 ہزار سے بڑھا کر 18 ہزار کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی میں لیبر فورس میں 35 فیصد خواتین کی شمولیت کی وفاقی کابینہ نے منظوری دی ہے۔ دنیا تیزی سے تبدیل ہورہی ہے اوراب ہمارے نوجوان خود نوکریوں کے مواقع پیدا کرکے خود جاب کریٹر بن رہے ہیں۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اب ان نوجوانوں کو پلیٹ فارم دینے کے لیے وزیراعظم یوتھ پروگرام کوشاں ہے۔ وفاق اور صوبوں کے ملکر چلنے سے پاکستان ترقی کرسکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں سیاحت کو فروغ دیکر احساس محرومی کو دور کیا جاسکتا ہے۔ پچھلے حکومت نے ہاتھ پاں باندھ کر پاکستان کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا مگر پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔
اس موقع پر کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی نے نوجوانوں اور خواتین کو ہنرمند بنا کر انھیں روزگار فراہم کرنے اور ملک میں معاشی استحکام کے لیے وفاقی حکومت اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کو ہرممکن معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
بعد ازاں کوئٹہ چیمبر آف کامرس کی کابینہ نے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کو کوئٹہ آمد پر انہیں سونئیر پیش کی۔