
صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت اسپورٹس کے میگا ایونٹس سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے سی ایم پنجاب یوتھ گیمز، پاک چائینہ فرینڈشپ گیمز اور سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر اسپورٹس چاند پروین، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ پی ایس ایل کے بعد کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہو گا، جس کا فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاک چائینہ فرینڈشپ گیمز 16 سے 20 ستمبر تک لاہور میں منعقد ہوں گے، جن میں تمام صوبوں اور پنجاب کے تمام ڈویژنوں سے تعلق رکھنے والے 2000 کھلاڑی اور آفیشلز شرکت کریں گے۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کو صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا اسپورٹس ایونٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا ویژن نوجوانوں کی ترقی اور خوشحالی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 57 دنوں پر محیط ان گیمز کے لیے ایک کروڑ 50 لاکھ نوجوانوں کی رجسٹریشن کی جائے گی، جبکہ 50 لاکھ سے زائد کھلاڑی یونین کونسل سے لے کر صوبائی سطح تک ہونے والے مختلف مقابلوں میں حصہ لیں گے۔