
مون سون بارشوں کا طاقتور اسپیل خیبرپختونخوا میں شدید تباہی مچا رہا ہے، جہاں گزشتہ تین روز کے دوران موسلادھار بارشوں، سیلاب اور فلیش فلڈ کے مختلف واقعات میں 14 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوگئے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ شدید بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث 28 مکانات متاثر ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ اور شانگلہ بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اضلاع میں شامل ہیں، جبکہ صوابی، لوئر دیر، اپر دیر، لوئر چترال، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور شمالی وزیرستان میں بھی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث نقصانات رپورٹ ہوئے ہیں۔
حکام نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھنے کے ساتھ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور نشیبی علاقوں میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔