
ازبکستان ایئرویز 24 مئی سے تاشقند اور اسلام آباد کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرنے جا رہی ہے، جسے دوطرفہ روابط کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق اسلام آباد میں ازبک سفارت خانے کا کہنا ہے یہ نیا فضائی راستہ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان عوامی روابط، تجارت اور سیاحت کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو گا۔ازبکستان ایئرویز پہلے ہی بدھ اور جمعے کو تاشقند اور لاہور کے درمیان ہفتہ وار دو پروازیں چلا رہی ہے۔’ابتدائی مرحلے میں، ایئرلائن ہر ہفتے سنیچر کے دن ایک پرواز چلائے گی۔‘رپورٹ کے مطابق پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ساتھ ضروری لاجسٹک اور ریگولیٹری انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے بات چیت جاری ہے۔ طلب اور آپریشنل حالات کے مطابق پروازوں کی تعداد میں وقت کے ساتھ اضافہ متوقع ہے۔تاشقند، اسلام آباد روٹ کے علاوہ، ازبکستان ایئرویز مستقبل قریب میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور معاشی مرکز کراچی کے لیے بھی براہِ راست پروازیں شروع کرنے کے منصوبے پر غور کر رہی ہے۔اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق ’ازبکستان ایئرویز کے فضائی نیٹ ورک میں توسیع سے مسافروں کو زیادہ سہولت ملنے کی توقع ہے، جبکہ یہ اقدام ازبکستان اور پاکستان کے درمیان سیاحت کے فروغ اور مضبوط معاشی و ثقافتی تعلقات میں بھی معاون ثابت ہو گا۔‘