
وزیراعظم شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کے مقدمات کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا اعلان کردیا۔ اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے اسلام آباد میں خصوصی عدالتیں قائم کر دی گئی ہیں اور پنجاب میں کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبے بھی خصوصی عدالتوں پر کام کریں گے، سمندر پار پاکستانی ویڈیو لنک پر پیش ہوسکیں گے۔انہوں نے اعلان کیا کہ تمام یونیورسٹیوں میں سمندر پار پاکستانیوں کے بچوں کا 5 فیصد کوٹہ مختص کیا جارہا ہے، جامعات میں 10 ہزار سیٹوں میں سے 5 فیصد نشستیں اوورسیز پاکستانیوں کی ہوں گی اور میڈیکل کالجز میں اوور سیز پاکستانیوں کا کوٹہ 15 فیصد ہوگا۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے 3 ہزار بچوں کو میڈیکل کالج میں داخلہ دیا جائے گا، اوورسیز پاکستانیوں کے 5 ہزار بچوں کو ہنر سکھایا جائے گا، اورسیز پاکستانیوں کیلئے سرکاری ملازمتوں میں عمرکی حد میں پانچ سال کی چھوٹ ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آن لائن سیل ڈیڈ رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے، سمندرپار پاکستانیوں کیلئے ایک خصوصی آفس مختص کردیا گیا ہے، بورڈآف ریونیو پنجاب میں اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے خصوصی سیل بنایا ہے، میرپور آزاد کشمیر میں بین الاقوامی ائیرپورٹ کی فزیبلٹی بنانے کے احکام جاری کر دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مارچ میں سمندرپار پاکستانیوں نے 4.1 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات بھیجیں، بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات ہماری مجموعی ایکسپورٹس سے زیادہ ہیں اور زیادہ ترسیلات بھیجنے والے 15 پاکستانیوں کو ایوارڈز دیے جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو ان کی خدمات پر سول ایوارڈ دیے جائیں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ آج ہمارے پاکستانی یورپ ، امریکا، خیلج سے یہاں تشریف لائے، ایک کروڑ پاکستانی دنیا کے مختلف خطوں میں آباد ہیں، اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے شبانہ روز محنت سے رزق حلال کمایا اور تمام ممالک میں پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک کروڑسے زائد اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے وطن کی خدمت کی، بیرون ملک پاکستانیوں نے محنت اور لگن سے اپنا مقام بنایا، اوورسیز پاکستانی ہمارے سفیر بھی ہیں، اوورسیز پاکستانی ہمارے سروں کے تاج ہیں، اورسیز پاکستانیوں نے طب، انجینئرنگ اوردیگرشعبوں میں نام کمایا، پاکستان کے 24 کروڑ عوام اورسیز پاکستانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔