
بالی وڈ کی سینیئر اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے پوتے ابراہیم علی خان کی پہلی فلم ’نادانیاں‘ کو غیر متاثرکن قرار دیا ہے جبکہ پوتی سارہ علی خان کے فنی سفر پر بھی بات کی ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق انہوں نے ایک یوٹیوب چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ابراہیم کی پہلی فلم ’نادانیاں‘ اچھی نہیں لگی، تاہم ان کی کوشش کو سراہا ہے۔ ان کے مطابق ’وہ (ابراہیم علی خان) اس میں بہت خوبصورت نظر آئے ہیں، انہوں نے اپنا اچھا کام کرنے کی کوشش کی، مگر میں فلم سے متاثر نہیں ہوئی۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایسی باتیں سب کے سامنے نہیں کی جاتیں مگر ایمانداری کی بات یہ ہے کہ فلم میں کوئی خاص بات نہیں تھی، اس کو اس سے بہتر ہونا چاہیے تھا۔‘شرمیلا ٹیگور نے اپنی پوتی سارہ علی خان کے فنی سفر پر بھی خیالات کا اظہار کیا۔’سارہ اچھی اداکارہ ہیں۔ وہ بہت محنت سے کام کرتی ہیں اور بہت کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جو وہ ایک روز حاصل کر لیں گی۔‘ماضی کی مشہور اداکارہ اور سیف علی خان کی والدہ شرمیلا ٹیگور نے 14 برس بعد بنگالی فلم ’پوراتون‘ کے ذریعے فلم نگری میں واپسی کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ شاید مزید کام نہ کریں۔2023 میں شرمیلا ٹیگور میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ خاموشی سے اس کے خلاف جنگ لڑتی رہیں، چند روز پیشتر ان کی بیٹی سوہا علی خان نے ان کی صحت کے حوالے سے معلومات شیئر کیں۔شرمیلا ٹیگور نے اداکاری میں پوتی سارہ علی خان کو ابراہیم علی خان سے زیادہ نمبر دیے (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے خاندان کو مشکل صورت حال کا سامنا کرنا پڑا، جیسا کہ کسی کو بھی ہو سکتا ہے۔ میری والدہ ان بہت کم لوگوں میں سے ایک ہیں جن کو صفر سٹیج پر پھیپھڑوں کا کینسر ہوتا ہے ان کا علاج کرایا گیا اور اب وہ ٹھیک ہیں۔‘ابراہیم علی خان کی پہلی فلم ’نادانیاں‘ کی بات کی جائے تو اس کو ان کی دادی کیا فلم بینوں نے بھی زیادہ پسند نہیں کیا اور آن لائن شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جن میں سب سے زیادہ تنقید ہیرو ابراہیم علی خان اور ہیروئن خوشی کپور پر ہوئی اور ان کی کارکردگی کو غیرتسلی بخش قرار دیا گیا۔یہ فلم دھرمیٹک انٹرٹیمنٹ کے بینر تلے بنائی گئی ہے اور اس کی ہدایات شونا گوتم نے دی ہیں۔