
"شادی ایک بہت اہم رشتہ ہے، اسے معمولی باتوں پر ختم نہیں کرنا چاہیے۔ اگر میاں بیوی کے درمیان محبت باقی ہے تو ایک دوسرے کو دوسرا موقع ضرور دینا چاہیے، لیکن یہ فیصلہ کسی دباؤ یا مجبوری میں نہیں ہونا چاہیے۔ میں نے کئی ایسے جوڑے دیکھے ہیں جو چھوٹی چھوٹی باتوں پر الگ ہو جاتے ہیں، اس لیے رشتے کو بچانے کی کوشش ضرور کرنی چاہیے۔"
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار احسن خان نے ازدواجی زندگی میں پیدا ہونے والے اختلافات، محبت اور رشتوں کو دوسرا موقع دینے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے، جس نے مداحوں کی توجہ حاصل کر لی۔
حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے ڈرامے ’آپ کی عزت‘ میں احسن خان نے تابش کا کردار ادا کیا، جسے زندگی میں اپنی محبت بینا کے ساتھ دوبارہ رشتہ جوڑنے کا موقع ملتا ہے۔ ڈرامے کے اختتام پر دونوں کرداروں کا دوبارہ ایک ہونا ناظرین کی بڑی تعداد کو پسند آیا۔
اس کہانی کے بعد احسن خان نے حقیقی زندگی میں بھی شادی کو ایک قیمتی رشتہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات معمولی اختلافات اتنے بڑھ جاتے ہیں کہ میاں بیوی علیحدگی کا فیصلہ کر لیتے ہیں، حالانکہ بات چیت اور ایک دوسرے کو سمجھنے سے معاملات بہتر ہو سکتے ہیں۔
اداکار کے مطابق اگر دو لوگوں کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے محبت اور رشتہ نبھانے کی خواہش موجود ہو تو انہیں ماضی کی تلخیوں سے نکل کر نئی شروعات کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ رشتہ برقرار رکھنے کا فیصلہ اپنی خوشی اور مرضی سے ہونا ضروری ہے، نہ کہ کسی کے کہنے یا معاشرتی دباؤ کی وجہ سے۔
احسن خان کا ماننا ہے کہ ازدواجی تعلقات میں جلد بازی کے بجائے تحمل اور سمجھ داری سے فیصلے کرنا اہم ہے، کیونکہ بعض رشتوں کو ایک اور موقع دینے سے زندگی بہتر ہو سکتی ہے۔