
بالی وُڈ کی مشہور شخصیت شاہ رخ خان صرف ایک اداکار ہی نہیں بلکہ وہ ایک ایسے سپر سٹار ہیں جن کے دنیا بھر میں بغیر رنگ و نسل، مذہب اور قومیت کی تفریق کے چاہنے والے موجود ہیں۔شوبز کی خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق اداکار کے مداحوں کے لیے یہ ایک خوشی کا موقع ہے کیونکہ بالی وڈ کے کنگ خان سنہ 2025 کے دنیا کے 10 امیر ترین اداکاروں میں شامل ہو گئے ہیں۔وہ امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں جگہ بنانے والے واحد انڈین ایکٹر ہیں۔حیرت انگیز طور پر وہ 10 امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں چھوتے نمبر پر ہیں یعنی وہ دنیا کے چھوتے سب سے امیر ترین اداکار ہیں۔صرف یہی نہیں بلکہ شاہ رخ خان نے ہالی وڈ کے مشہور اداکاروں جیسے بریڈ پٹ، جارج کلونی اور رابرٹ ڈی نیرو کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ پوزیشن حاصل کی ہے۔رپورٹ کے مطابق گذشتہ پانچ برسوں کے دوران شاہ رخ خان کی دولت میں حیران کن طور پر 46 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سنہ 2025 میں شاہ رخ خان کی کل دولت 80 کروڑ 76 لاکھ ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ سنہ 2020 میں ان کی دولت 60 کروڑ ڈالر تھی۔شاہ رخ خان کی دولت کا بڑا حصہ ان کی فلموں، کاروباروں اور سرمایہ کاریوں سے آتا ہے۔ سنہ 2023 میں شاہ رخ خان نے ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ جیسی بلاک بسٹر فلموں کے ذریعے ہالی وُڈ میں شاندار کم بیک کیا۔ View this post on Instagram A post shared by Shah Rukh Khan (@iamsrk)ان فلموں نے مجموعی طور پر دنیا بھر میں دو دو ہزار ارب انڈین روپے سے زائد کی کمائی کی۔ شاہ رخ خان کی دولت کا ایک بڑا حصہ ان کے کاروباری اداروں سے بھی حاصل ہوتا ہے جن میں ان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلی انٹرٹینمنٹ اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز شامل ہیں۔اس کے علاوہ شاہ رخ خان کی آمدن کا بڑا ذریعہ بڑے برانڈوں کے اشتہارات بھی ہیں۔شاہ رخ خان نے 70 کروڑ 42 لاکھ ڈالر دولت رکھنے والے جارج کلونی کو 16 فیصد کے فرق سے پیچھے چھوڑا ہے۔ سنہ 2025 کی امیر ترین اداکاروں کی عالمی فہرست میں پہلی تین پوزیشنز پر پر 80 کروڑ 91 لاکھ ڈالر کے ساتھ ٹام کروز تیسرے نمبر پر،ایک ارب 19 کروڑ ڈالر کے ساتھ دی راک جانسن دوسرے نمبر پر جبکہ ایک ارب 49 کروڑ ڈالر کے ساتھ آرنلڈ شوارزینیگر پہلے نمبر پر موجود ہیں۔