
پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے میں میں چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی جی خان پولیس نے کوٹ مبارک کے علاقے میں کارروائی کی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 4 خوارجی دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن کے پاس موجود اسلحہ برآمد ہوا تاہم سرچ آپریشن جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے کوٹ مبارک میں خوارجی دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملی تھی۔انہوں نے کہا کہ خوارجی دہشت گرد مختلف مقامات پر شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر رہے تھے تاہم اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیموں نے فوری پیش قدمی کی اور علاقے کا محاصرہ کرکے آپریشن شروع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خوارجی دہشت گرد بھاری اسلحے کے ساتھ پولیس ٹیموں پر حملہ آور ہوئے مگر پنجاب پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ پولیس کی بھرپور کارروائی میں 4 خوارجی دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، دیگر دہشت گرد جھاڑیوں اور ٹیلوں کی آڑ میں فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے، علاقے میں سرچ اینڈ سویپ آپریشن جاری ہے اور پولیس نے دیگر شرپسند عناصر بھی جلد از جلد انجام تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی زیر نگرانی ڈی پی او سید علی کی قیادت میں پنجاب پولیس کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں۔ ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چار خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دی اور کہا کہ پنجاب پولیس خوارجی دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو کبھی ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔