
پاکستان کرپٹو کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بلال بن ثاقب نے وائٹ ہاؤس کا دورہ کیا صدر ٹرمپ کی کونسل برائے ڈیجیٹل اثاثہ جات کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر روبرٹ ہو ہائنز سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے کرپٹو کرنسی، بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے مستقبل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ بلال بن ثاقب نے پاکستان میں کرپٹو کرنسی کے شعبے میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ بلال بن ثاقب کا کہنا ہے کہ پاکستان کرپٹو کرنسی کیلئے مضبوط ریگولیٹری فریم ورک تیار کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ کرپٹو کرنسی کے لئے امریکی اقدامات پاکستان کے لئے مشعل راہ ہیں۔بلال بن ثاقب کا کہنا ہے کہ پاکستان کرپٹو کونسل کے قیام کے بعد ملک میں بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے لئے جامع پالیسی تیار کی جا رہی ہے۔اس پالیسی کا مقصد نہ صرف ملکی معیشت کو ڈیجیٹل دور سے ہم آہنگ کرنا ہے بلکہ عالمی سرمایہ کاری کو بھی متوجہ کرنا ہے۔ صدر ٹرمپ کی کونسل برائے ڈیجیٹل اثاثہ جات کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر روبرٹ ہو ہائنز کا کہنا ہے کہ کرپٹو کرنسی اور بلاک چین کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے امکانات خوش آئند ہیں اور ڈیجیٹل معیشت عالمی ترقی کا لازمی جزو بن چکی ہے۔ بلاک چین ٹیکنالوجی میں پاکستان کی دلچسپی ایک مثبت اشارہ ہے۔بلال بن ثاقب گزشتہ چھ برسوں میں وائٹ ہاؤس کا سرکاری دورہ کرنے والے پاکستان کے پہلے سرکاری عہدیدار ہیں۔ اس تاریخ کے بعد اور جون 2025 سے قبل کسی بھی پاکستانی سرکاری عہدیدار کا وائٹ ہاؤس کا کوئی بالمشافہ دورہ ریکارڈ پر موجود نہیں ہے۔