
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بغیر کسی شک و شبہے کے ثابت کیا ہے کہ وہ امن کے داعی ہیں۔بدھ کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں یوم آزادی کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے انڈیا کے ساتھ سیز فائر میں امریکی صدر کے کردار کے حوالے سے کہا کہ ’وہ ایک ایسے انسان ہیں جو امن کو فروغ دینے اور فائدہ مند کاروباری ڈیلز کرنا چاہتے ہیں۔ وہ ایسے انسان ہیں جو کشیدگی کے خلاف ہیں۔ وہ ایسے انسان ہیں جو سرد جنگ اور گرم جنگ کے خلاف ہیں۔‘انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے مزید کہا کہ ’وہ ایسے انسان ہیں جو چاہتے ہیں کہ انسانیت امن سے رہے اور ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرے۔ اور یہ صرف ایک خطے تک محدود نہیں ہے بلکہ وہ عالمی سطح پر ایسا چاہتے ہیں۔ اور یہ سب ان کے گذشتہ کچھ ہفتوں کے بیانات سے ظاہر ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے پاکستان اور انڈیا کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جنگ کو ترک کریں، کشیدگی میں کمی لائیں اور تجارت اور سرمایہ کاری کی طرف آئیں۔‘’میں صدر ٹرمپ کو اس خطے میں سیزفائر کرانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اور یہاں میں خلیج اور مشرق وسطیٰ میں اپنے دوست اور برادر ممالک کا بھی ذکر کروں گا جنہوں نے اجتماعی طور پر مل ہم سے رابطہ کیا اور صدر ٹرمپ کی مخلصانہ کوششوں کی حمایت کی۔‘وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم ٹریف کے معاملے پر پہلے ہی امریکہ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اس میں بڑی شاندار پیش رفت ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ہم امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے بھی رابطے میں ہیں جن میں آئی ٹی، انرجی کی درآمد، زراعت، تعلیم اور صحت جیسے شعبے شامل ہیں۔