
روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا چینی صدر شی جن پنگ سے ٹیلی فونک رابطہ۔ دونوں صدور نے ایران اسرائیل جنگ کے سفارتی حل پر زور دیا۔ روسی صدارتی دفترکریملین کے حکام کے مطابق روسی صدرپیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کی ٹیلی فونک گفتگو میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا اور ایران پراسرائیلی حملےکی سخت مذمت کی گئی ہے۔ کریملن حکام نے بتایا ہے کہ پیوٹن اور شی جن پنگ نے اتفاق کیا ہے ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق تمام مسائل کا کوئی فوجی حل نہیں، ایران کا جوہری مسئلہ سیاسی و سفارتی ذرائع سے حل کیا جا سکتا ہے۔دونوں رہنماؤں نے اسرائیلی اقدامات کی سخت مذمت کی، اسے عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔صدر شی جن پنگ نے کہا وہ ایران کے معاملے پر روسی ثالثی کےحق میں ہیں۔دونوں رہنماوں نے کینیڈا میں ہونے والی جی سیون اجلاس پر بھی تبادلہ خیال کیا۔کریملن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ روسی صدرپیوٹن جنگ عظیم دوم کی تقریبات سے متعلق اجلاس میں شرکت کیلئے چین کا دورہ کریں گے۔