
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے ملک میں ڈیمز کے بھرنے اور دریاؤں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔
ترجمان فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق تربیلا ڈیم 100 فیصد بھر چکا ہے جبکہ منگلا ڈیم 75 فیصد تک بھر گیا ہے۔ ترجمان واپڈا نے بتایا کہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 550 فٹ ہے اور آج اس میں پانی کا ذخیرہ 57 لاکھ 28 ہزار ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا۔ دریائے سندھ پر تربیلا میں پانی کی آمد 2 لاکھ 68 ہزار 300 کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 38 ہزار 900 کیوسک ہے۔
منگلا ڈیم کا لیول 1217.45 فٹ ہے جہاں دریائے جہلم میں پانی کی آمد 38 ہزار 600 اور اخراج 7 ہزار کیوسک ہے۔ منگلا میں پانی کا ذخیرہ 54 لاکھ 23 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا ہے۔
چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 4 لاکھ 3 ہزار 500 اور اخراج 3 لاکھ 51 ہزار 600 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے چناب کے ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد 67 ہزار 600 اور اخراج 49 ہزار کیوسک ہے جبکہ دریائے کابل میں نوشہرہ پر پانی کی آمد و اخراج 44 ہزار 600 کیوسک ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزروائرز میں مجموعی طور پر پانی کا ذخیرہ ایک کروڑ 12 لاکھ 45 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق دریائے سندھ میں تونسہ اور گدو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب جبکہ کالاباغ، چشمہ اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ اسی طرح دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور ہیڈ سلیمانکی کے مقامات پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ دریائے کابل میں نوشہرہ اور ملحقہ نالوں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے جبکہ دریائے جہلم، دریائے چناب اور دریائے راوی میں بہاؤ مستحکم ہے۔