
وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وزیر خارجہ سے ملاقات میں پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت پر چینی حکومت، عوام اور قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔وزیراعظم آفس سے جاری کردہ بیان کے مطابق جمعرات کو چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، کابینہ کے دیگر سینیئر اراکین اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔بیان کے مطابق وزیراعظم نے بنیادی نوعیت کے تمام مسائل پر چین کی غیرمشروط حمایت اور چین کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اشتراک اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت اور پاک چین دوستی کو مضبوط کرنے میں ان کے کردار کو سراہا۔شہباز شریف نے گذشتہ برس اپنے دورہ چین میں چینی صدر کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا بھی تذکرہ کیا، اور کہا کہ اپنے دورہ چین کا منتظر ہوں۔انہوں نے چینی صدر، وزیراعظم سمیت دیگر قیادت کے ساتھ ملاقات کے لیے اپنی خواہش کا اعادہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، صنعت، کان کنی اور دیگر شعبوں میں چین کے ساتھ دو طرفہ تعاون وسیع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے سی پیک منصوبے کے پاکستان کے سماجی و معاشی ترقی میں کردار پر روشنی ڈالی۔ اور سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔بیان کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے چین کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔