
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے روس سے تیل کی خریداری روکنے کا وعدہ کیا ہے۔خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق بدھ کو صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ چین بھی ایسا ہی کرے۔واشنگٹن کی جانب سے یوکرین جنگ کے خاتمے کی کوششوں کے دوران ماسکو کی توانائی کی آمدنی میں کمی کے لیے امریکہ اتحادی ملکوں سے روسی تیل کی خریداری روکنے کی درخواست کرتا رہا ہے۔انڈیا اور چین سمندر کے راستے روسی خام تیل کی برآمدات کے دو سرفہرست خریدار ہیں۔ دونوں ممالک نے رعایتی قیمتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سنہ 2022 کے بعد روس سے تیل کی خریداری اُس وقت بڑھا دی تھی جب یورپی ملکوں نے یوکرین پر حملے کے بعد ماسکو پر پابندیاں عائد کیں۔امریکی صدر ٹرمپ نے حال ہی میں روس سے تیل کی خریداری پر انڈیا کو نشانہ بنایا اور روسی خام تیل کی خریداری کی حوصلہ شکنی کے لیے انڈیا سے برآمدات پر بھاری محصولات عائد کیں۔امریکہ اس اقدام کے لیے روس کی آمدن کم کر کے یوکرین میں امن معاہدے پر بات چیت کے لیے ماسکو پر دباؤ ڈالنا چاہتا ہے۔صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’لہٰذا میں خوش نہیں تھا کہ انڈیا تیل خرید رہا ہے، اور انہوں نے (مودی) نے آج مجھے یقین دلایا کہ وہ روس سے تیل نہیں خریدیں گے۔‘امریکی صدر نے کہا کہ ’یہ ایک بڑا قدم ہے۔ اب ہم چین سے بھی ایسا ہی کرنے جا رہے ہیں،‘دیگر ملکوں سے تیل کی درآمدات پر انڈیا کو زیادہ لاگت آئے گی، تاہم عالمی مارکیٹ میں تیل کی کم قیمتوں کے باعث اس کے اثرات زیادہ نہیں ہوں گے۔خام تیل بینچ مارک برینٹ کروڈ فیوچر بدھ کو مارکیٹ میں بڑھتے ہوئے سرپلس کے خدشات پر پانچ ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔صدر ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں امریکہ اور انڈیا کے تعلقات بہت خوشگوار تھے۔ فائل فوٹو: روئٹرزانڈیا کی جانب سے درآمدات کو روکنے کا اقدام ماسکو کے توانائی کے بڑے صارفین میں سے ایک کی طرف سے اہم تبدیلی کا اشارہ دے گا اور یہ روسی تیل کے خریدار دوسرے ملکوں کو بھی سوچنے پر مجبور کر سکتا ہے۔صدر ٹرمپ صرف کثیر جہتی پابندیوں پر انحصار کرنے کے بجائے روس کو اقتصادی تنہائی کا شکار کرنے کے لیے دوطرفہ تعلقات کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔یہ اعلان صدر ٹرمپ کے انڈیا کے لیے نئے سفیر سرجیو گور کی وزیراعظم مودی سے ملاقات کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ انڈیا ’فوری طور پر‘ روسی تیل کی شپمنٹس کو روک نہیں سکتا، اسے عمل کرنے میں ’تھوڑا سا پراسیس‘ ہے، لیکن یہ عمل جلد ہی مکمل ہو جائے گا۔انڈیا کے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے وزیراعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ فائل فوٹو: پریس ٹرسٹ آف آنڈیا’وزیراعظم مودی امریکی صدر ٹرمپ سے ڈر گئے ہیں‘دوسری جانب انڈیا کے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ ’وزیراعظم مودی امریکی صدر ٹرمپ سے ڈر گئے ہیں۔‘سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا کہ ’مودی نے ٹرمپ کو اجازت دی کہ وہ انڈیا کے روسی تیل نہ خریدنے کا فیصلہ اور اعلان کریں۔‘انڈین اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے جھڑک دیے جانے کے باوجود وزیراعظم مودی اُن کو تہنیتی پیغامات بجھواتے رہے۔