
"میں نے شادی اس لیے نہیں کی کیونکہ میں اپنی بیمار والدہ کو تنہا نہیں چھوڑ سکتا۔ والد کے وقت میں صرف 14 سال کا تھا، ان کی خدمت کا موقع نہیں ملا، اب امی کے لیے وہ سب کرنا چاہتا ہوں تاکہ زندگی میں کوئی پچھتاوا نہ رہے۔" یہ جذباتی الفاظ ہیں پاکستان کے معروف کامیڈین برکت علی کے، جنہوں نے حال ہی میں اپنی ذاتی زندگی کا سب سے بڑا راز کھول دیا۔
برکت علی کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ گزشتہ دو دہائیوں سے بستر پر ہیں، ڈائیلاسز چل رہا ہے، شوگر اور دل کے مسائل بھی ہیں، لیکن وہ دن رات ان کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ "امی گر بھی گئیں تھیں، خدا کا شکر ہے بچ گئیں، میں نے دو لوگ بھی رکھے ہیں مگر اصل خدمت تو میں ہی کرتا ہوں، کیونکہ والد کے وقت کی کمی آج بھی دل پر بوجھ ہے۔"
View this post on Instagram A post shared by Galaxy Lollywood (@galaxylollywood)
کامیڈین نے ہنستے ہنستے بتایا کہ "امی خود بھی کہتی ہیں کہ شادی کرلو، تو میں کہتا ہوں اگر شادی کر لی تو بیوی میں لگ جاؤں گا، پھر آپ کو کون دیکھے گا؟" یہ سن کر وہ خود بھی مسکرا اٹھے، مگر ان کی باتوں میں ایک بیٹے کا بے مثال درد اور خلوص چھپا تھا۔
برکت علی کی کہانی اس بات کا ثبوت ہے کہ بعض اوقات ہنسانے والے چہرے کے پیچھے سب سے گہرا دکھ چھپا ہوتا ہے اور وہ دکھ بھی ایسا جو محبت سے جڑا ہو، قربانی سے، اور ایک بیٹے کی خاموش عبادت سے۔