
ایران نے اعلان کیا ہے کہ امریکی افواج کے خلاف اس کے حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک امریکا کو اپنے جرائم پر پچھتاوا نہیں ہوتا۔
ایران کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹرز کے ترجمان کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے سرکاری نشریاتی ادارے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی فورسز نے جنوبی ایران میں فوجی و شہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے جواب میں خطے میں قائم امریکی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ان جوابی کارروائیوں کے نتیجے میں امریکی بنیادی ڈھانچے، تنصیبات، ہتھیاروں اور فوجی ساز و سامان کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ امریکی کمانڈرز اور فوجیوں کی ایک قابلِ ذکر تعداد ہلاک اور زخمی ہوئی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے اپنے حملے جاری رکھے تو ایران کی جانب سے مزید شدید، وسیع اور تباہ کن ردِعمل دیا جائے گا، نیز امریکا کے ساتھ فوجی تعاون کرنے والے کسی بھی ملک کو اس کے خطرناک نتائج بھگتنا ہوں گے۔