
کومل خان کی قیادت میں سٹارز نے نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ کے فائنل میں چیلنجرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار رنز سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
کامیابی کے بعد فاتح ٹیم سٹارز کو دس لاکھ روپے جبکہ رنرز اپ چیلنجرز کی ٹیم کو سات لاکھ پچاس ہزار روپے کی انعام رقم دی گئی۔
میچ میں چیلنجرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور سٹارز کی ٹیم کو مقررہ اوورز میں 97 رنز پر محدود کردیا۔
سٹارز کی جانب سے اقصی حبیب 34 اور کومل خان 30 رنز بنا کر نمایاں بیٹرز رہیں۔
98 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چیلنجرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز ہی بنا سکی۔
شاندار کارکردگی پر اقصیٰ حبیب کو فائنل میچ کا ’پلیئر آف دی میچ‘ اور پورے ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی ’پلیئر آف دی ٹورنامنٹ‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کی بہترین وکٹ کیپر بیٹر کا ایوارڈ کومل خان کو ملا، جبکہ چیلنجرز کی پاکیزہ شبیر بہترین بلے باز اور سٹارز کی افشین خان بہترین باؤلر قرار پائیں۔