
پاکستانی فلم اور ٹی وی کے فنکار فواد خان جلد ہی انڈین سینما کی سکرین پر پھر سے جلوہ گر ہوں گے اور اس بار وہ ایک رومینٹک کامیڈی میں کردار ادا کر رہے ہیں جو رواں برس مئی میں ریلیز ہو گی۔فواد خان نے پہلے بھی مختلف انڈین فلموں میں کام کیا ہے جن مں ’خوبصورت‘ اور ’کپور اینڈ سنز‘ شامل ہیں۔ ان فلموں میں پرفارمنس کی وجہ سے فواد خان نے انڈیا میں بھی بہت سے فینز بنائے ہیں۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس مرتبہ فواد خان ایک رومینٹک کامیڈی ’عبیر گلال‘ میں کام کرتے ہوئے نظر آئیں گے اور ان کے ساتھ اداکارہ وانی کپور ہوں گی۔فلم کے ٹِیزر کے سامنے آنے کے بعد سے ہی فینز میں فواد خان کو دیکھنے کا جوش و خروش بڑھ گیا ہے۔ اس ٹیزر میں فواد خان، وانی کپور کے ساتھ ’فلرٹ‘ کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔منگل کو وانی نے انسٹاگرام پر ’عبیر گلال‘ کا ٹیزر شیئر کیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فواد، وانی کے ساتھ گاڑی میں بیٹھے ہوئے ہیں، دونوں بارش سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور فواد خان ’1942۔۔۔ایک لو سٹوری‘ کا گانا ’کچھ نہ کہو‘ گا رہے ہیں۔گانا ختم ہوتا ہوتا ہے تو وانی پوچھتی ہیں ’کیا تم میرے ساتھ فلرٹ کر رہے ہو؟‘ جواب میں فواد خان کہتے ہیں’آپ چاہتی ہیں میں فلرٹ کروں؟‘فلم کا ٹیزر ’محبت کی واپسی‘ کے الفاظ پر ختم ہو جاتا ہے۔پوسٹ پر کیپشن فلم کی ریلز کی تاریخ کا بھی پتہ دیتا ہے۔ اس پوسٹ پر درج ہے: ’انتظار کی گھڑیاں ختم۔ ’عبیر گلال‘ کے ساتھ بڑی سکرین پر محبت پھر واپس آ رہی ہے۔ 9 مئی کو سینما میں آپ سے ملیں گے۔‘ٹیزر ریلیز ہوتے ہیں فواد خان کے فینز میں ان کو اس رومینٹک کامیڈی میں دیکھنے کا شوق عروج پر پہنچ گیا ہے۔ ایک کومنٹ کچھ یوں تھا ’دنیا واپس اپنی جگہ پر آ رہی ہے۔ پرانا وقت پھر سے لوٹ آیا ہے۔‘ جبکہ ایک تبصرے میں لکھا گیا کہ ’جب میری آنکھیں کھلیں تو میں نے دیکھا کہ اچھے دن واپس آ گئے ہیں۔‘ ایک اور تبصرے میں تھا ’دنیا ٹھیک ہو رہی ہے۔ فواد انڈیا میں واپس آ رہے ہیں۔‘’عبیر گلال‘ کو آرتی ایس بغدی نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ اس فلم کے ساتھ فواد خان نو برس کے بعد انڈیا کی کسی فلم میں دکھائی دیں گے۔ سنہ 2016 میں انڈیا اور پاکستان کے بیچ تنازعات کہ وجہ سے پاکستانی فنکاروں کے انڈین فلموں میں کام کرنے پر غیر سرکاری پابندی لگ گئی تھی۔ تاہم سنہ 2023 میں بمبے ہائی کورٹ نے پاکستانی فنکاروں کو سرکاری طور پر انڈیا میں کام کرنے سے متعلق ایک درخواست کو ڈس مِس کر دیا تھا۔’عبیر گلال‘ کی سمری میں لکھا ہے کہ ’دل کو گرما دینے والی یہ کہانی لندن کی ایک خوبصورت سڑک سے شروع ہوتی ہے۔ وہیں سے محبت پروان چڑھتی ہے۔ اس میں غیر متوقع موڑ بھی ہیں اور جذباتی لمحے بھی ہیں اور پھر محبت کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہے۔ یہ فلم بِینوں کے لبوں پر مسکراہٹیں بھی بکھیرے گی اور نرم لمحات ان کے جذبوں کو بھی چھوئیں گے۔ فواد اور وانی کے درمیان کیمسٹری تو کمال کی نظر آئے گی۔‘