
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے نکالے جانے والے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ کچھ لوگ پارٹی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ لوگوں کی کھسر پھسر پر سیٹ کیوں چھوڑوں؟۔پی ٹی آئی سے نکالے جانے والے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی سے نکالے جانے پر کوئی تو جواب ہونا چاہیے۔ جیسے مجھے نکالا اس طرح نکالے جانے پر پی ٹی آئی میں کسی کا بھی مستقبل محفوظ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میں 4 دن سے کہہ رہا ہوں کہ مجھے پارٹی سے نکالے جانے کی وجہ بتائیں۔ لیکن قبضہ گروپ پارٹی پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ اتنی بھی ہٹ دھرمی نہیں ہوتی۔یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں 125 سالہ پرانے جیل قوانین میں ترامیمشیر افضل مروت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے خود کہا کہ ہم کوئی غلام ہیں؟۔ اس لیے غلام تو ہم ہیں نہیں آواز تو اٹھائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کو مس گائیڈ کیا جا رہا ہے۔ قسم اٹھاتا ہوں کہ جب تک زندہ ہوں پارٹی پر قبضے کا خواب چکنا چور کروں گا۔انہوں نے کہا کہ میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں اور کوئی بلاک نہیں بناؤں گا۔ پارٹی کے سمجھدار لوگوں کو سوچنا چاہیے کہ پارٹی میں یہ کیا چل رہا ہے۔ ہمارا بنیادی کام بانی کو جیل سے باہر نکالنا ہے لیکن ہم ایک دوسرے کو گرانے میں لگے ہوئے ہیں۔رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ اب میری زبان کی لکنت ختم ہو گئی ہے۔ اور میں وکیل ہوں تو بولوں گا۔ قومی اسمبلی کی نشست کسی کے کھسر پھسر پر کیوں چھوڑوں؟ جس کی نشست ہے وہ مجھے بلا کر سنے گا کہے گا تو پھر چھوڑ دوں گا۔