
بھارت کی جانب سے ایک بار پھر جارحیت کا مظاہرہ کیے جانے کے بعد، پاکستانی فنکاروں نے نہ صرف مذمت کی بلکہ دشمن کو واضح پیغام دیا کہ قوم کا ہر فرد افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔ پہلگام واقعے کے بعد بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات اور پھر کئی شہروں پر حملہ—بھارت کا یہ بزدلانہ اقدام عوام کے ساتھ شوبز شخصیات کی نظروں سے بھی اوجھل نہ رہا۔
ماہرہ خان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا، "رات کی تاریکی میں حملہ کر کے خود کو فاتح سمجھتے ہو؟ شرم آنی چاہیئے!"
فواد خان اور ہانیہ عامر نے ہوش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان امن کو ترجیح دینے پر زور دیا، جبکہ بلال عباس خان نے بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا، "اب خاموشی کا وقت نہیں، اب سچ بولنے والے نوجوانوں کا دور ہے۔"
منیب بٹ نے کھلے الفاظ میں کہا، "پاکستان امن پسند ہے، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو دشمن کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔"
عروہ حسین نے دل کو چھو جانے والے الفاظ میں کہا، "ہماری خاموشی کو کمزوری نہ سمجھو، ہم امن چاہتے ہیں، لیکن دفاع ہمارا حق ہے۔"
اس فہرست میں صرف بڑے نام ہی نہیں، بلکہ درجنوں دیگر فنکار بھی شامل ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کیا— یاسر حسین، حرا مانی، ثنا جاوید، محب مرزا، منشا پاشا، کومل میر، ایمن سلیم اور دیگر نے بھی بھارتی رویے کو آڑے ہاتھوں لیا۔
عوام نے ان فنکاروں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ وقت متحد ہونے کا ہے۔ فنکاروں کی آواز عوام کی آواز بن چکی ہے، اور یہ آواز اب خاموش ہونے والی نہیں۔