
اوکاڑہ اور عارف والا کے آسمان پر پاک فوج کی بہادری کا ایک اور باب رقم ہو گیا، جب پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے 5 ڈرونز کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا — وہ بھی بغیر کسی جانی نقصان کے۔
ذرائع کے مطابق، اوکاڑہ کے مختلف علاقوں میں اچانک بھارتی ڈرونز کی پرواز دیکھی گئی، لیکن مستعد اور تربیت یافتہ سیکیورٹی اہلکاروں نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے 4 ڈرونز فضا میں ہی نشانہ بنا دیے۔ یہ کارروائی اس قدر تیز اور مؤثر تھی کہ دشمن کو سنبھلنے کا موقع تک نہ ملا۔
دوسری جانب، عارف والا کے قریب واقع ایک نواحی گاؤں میں ایک اور بھارتی ڈرون نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، جو کہ کامیابی سے ناکام بنا دی گئی۔ ڈرون فصلوں میں گرا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
مقامی افراد نے پاک فوج کی اس بروقت اور کامیاب کارروائی پر خوشی کا اظہار کیا اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگا کر اپنی محبت اور اعتماد کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ اب تک پاک فوج 35 بھارتی ڈرونز کو کامیابی سے گرا چکی ہے۔ گزشتہ روز بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 3 افراد شہید اور 5 زخمی ہوئے تھے، تاہم لاہور، راولپنڈی اور کراچی جیسے بڑے شہروں میں دشمن کے حملے بروقت ناکام بنا دیے گئے۔