
وفاقی وزارت خزانہ نے چاروں صوبوں سے رواں مالی سال کے دوران تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مختص بجٹ کی تفصیلات فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے صوبائی محکمہ خزانہ کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تعلیم اور صحت کے لیے مختص فنڈز کی معلومات ایک ہفتے کے اندر بھیجی جائیں تاکہ ایک جامع رپورٹ تیار کی جاسکے۔
یہ رپورٹ نہ صرف داخلی سطح پر پالیسی سازی میں معاون ہوگی بلکہ اسے بین الاقوامی مالیاتی اور امدادی اداروں کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے گا تاکہ انہیں پاکستان میں تعلیم اور صحت پر ہونے والے اخراجات سے آگاہ رکھا جا سکے۔
وفاقی وزارت خزانہ نئے تعمیر کیے جانے والے اسکولوں اور ہسپتالوں کا ڈیٹا بھی اکٹھا کر رہی ہے تاکہ دیکھا جا سکے کہ کس صوبے میں صحت اور تعلیم کے شعبے میں کتنی پیش رفت ہوئی ہے۔ جن صوبوں میں ان دونوں شعبوں میں کمزوری سامنے آئے گی وہاں وفاقی حکومت فنڈز فراہم کرے گی تاکہ بہتری لائی جا سکے۔
دوسری جانب سندھ کے سیکریٹری خزانہ نے محکمہ اسکول ایجوکیشن اور محکمہ صحت سے فوری طور پر تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ نے دونوں محکموں کی رپورٹس تیار کرلی ہیں اور جلد وفاقی وزارت خزانہ کو ارسال کردی جائیں گی۔