
قائم مقام گورنر سندھ و اسپیکر صوبائی اسمبلی سید اویس قادر شاہ سے امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی کے پولیٹیکل یونٹ کے چیف مسٹر جیرڈ ہینسن اور پولیٹیکل اسپیشلسٹ محمد صالح شاہ نے آج سندھ اسمبلی میں ملاقات کی۔
اس موقع پر سیکریٹری سندھ اسمبلی جی ایم عمر فاروق اور ڈائریکٹر جنرل میڈیا عرفان احمد میمن بھی موجود تھے۔ مسٹر ہینسن نے نو تعینات قونصل جنرل کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور سندھ اسمبلی سے تعلقات مزید مضبوط کرنے اور اجلاس کی کارروائی میں شرکت کی خواہش ظاہر کی۔
اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے بتایا کہ اسمبلی اپنے دوسرے پارلیمانی سال میں 100 اجلاس مکمل کرنے کی جانب گامزن ہے اور امریکی مشن کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر گفتگو ہوئی جن میں قیادت اور ایکسچینج پروگرامز، نوجوان اراکین اسمبلی کے لیے تربیتی مواقع اور اسمبلی سیکریٹریٹ کی استعداد بڑھانے کے اقدامات شامل تھے۔
سید اویس قادر شاہ نے بجٹ سے قبل اور بعد کی تیاریوں، جمہوری تعلیمی پروگرامز اور پارلیمانی عملے کی استعداد کار بڑھانے جیسے شعبوں کو خاص دلچسپی کے طور پر اجاگر کیا۔
مسٹر ہینسن نے پاکستان میں حالیہ سیلابی صورتحال اور متاثرہ آبادی کے لیے امریکی مشن کی معاونت پر بھی بات کی۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب نے پارلیمانی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
قائم مقام گورنر و اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے معزز مہمانوں کو سندھ کی روایتی سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی۔