
"آپ قومی ترانے کا مذاق اڑا رہی ہیں!"
"اپنی پہچان کا مذاق نہیں بنانا چاہیے!"
"یہ تو ترانے کی توہین ہے!"
یہ وہ جملے ہیں جو اداکارہ کومل میر پر سوشل میڈیا صارفین نے برسا دیے، جب ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں وہ اپنے دوستوں کے ساتھ قومی ترانہ گنگناتی دکھائی دیں۔
واقعہ یشما گل کی سالگرہ کی تقریب کا ہے جو ساحلِ سمندر پر منائی گئی۔ دوستوں کے ہنسی مذاق اور موسیقی کے درمیان کومل میر بھی خوشگوار موڈ میں نظر آئیں، مگر جیسے ہی یشما نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک ویڈیو شیئر کی، سب کچھ بدل گیا۔
@actresesofficial303 #komalmeer ♬ original sound - 🔥ACTRESes official🔥
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کومل میر اور ان کی ایک سہیلی ہنستے گاتے پاکستان کا قومی ترانہ گنگنا رہی ہیں۔ کچھ لمحوں میں ہی یہ ویڈیو وائرل ہو گئی اور شائقین نے اسے “قومی ترانے کی بے ادبی” قرار دیا۔
سوشل میڈیا پر لوگوں نے اداکارہ کے رویے پر سخت ردِعمل دیا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ قومی ترانہ محض ایک نغمہ نہیں بلکہ قومی شناخت کی علامت ہے، جسے تفریح یا مزاح کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
کومل میر، جو ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی خوبصورتی اور اداکاری سے مقبول ہیں، اب ایک متنازع بحث کا حصہ بن گئی ہیں۔ کچھ مداحوں نے ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد توہین نہیں بلکہ صرف تفریح تھی، مگر زیادہ تر لوگوں نے اسے غیر ذمہ دارانہ حرکت قرار دیا۔