
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کی۔
سماعت کے دوران علی امین گنڈا پور عدالت میں پیش نہ ہوئے جب کہ ان کے وکیل راجہ ظہور الحسن بھی غیر حاضر رہے۔ عدالت نے ملزم کی مسلسل عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ انہیں گرفتار کر کے اگلی سماعت پر پیش کیا جائے۔
عدالت نے کیس کی اگلی سماعت 11 نومبر کے لیے مقرر کر دی ہے۔ واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور کے خلاف متعلقہ مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ بارہ کہو میں درج ہے۔