
وفاقی بجٹ 27-2026 سے قبل سرکاری ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی تحریک تیز کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اے جی ای جی اے) کے مطابق 9 جون کو وزارتِ خزانہ اور 10 جون کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنے دیے جائیں گے۔
ملازمین رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے سرکاری ملازمین کے نمائندہ وفود احتجاج میں شرکت کریں گے اور حکومت سے مطالبات کی منظوری کا مطالبہ کریں گے۔
چارٹر آف ڈیمانڈ میں نئے پے اسکیل 2026 کے نفاذ، ایڈہاک ریلیف الاؤنسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے، کم تنخواہ والے ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافے اور مختلف الاؤنسز میں 200 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ملازمین نے پنشن اصلاحات واپس لینے، 30 فیصد ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی اور فوت شدہ ملازمین کے بچوں کے لیے ملازمتوں کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔